صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند دو ماہ کے اندر ایک بار پھر چار روزہ دورے پر 26 اگست کو لکھنؤ آرہے ہیں۔ صدر جمہوریہ اپنے اس سفر کے دوران دو دن لکھنؤ میں دیگر پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ اس کے بعد 28 اگست کو گورکھپور میں پروگرام میں حصہ لینے پہنچیں گے۔ اس کے بعد 29 اگست کو صدر جمہوریہ پریسیڈینشیل ٹرین سے لکھنؤ سے ایودھیا تک کا سفر طے کریں گے۔
صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کا دورہ پہلے تین دن کا تھا۔ 27 اگست سے لے کر 29 اگست تک سفر کرنا تھا، لیکن پروگرام میں تبدیلی کرتے ہوئے اب 26 سے لے کر 29 اگست تک صدر جمہوریہ اتر پردیش دورے پر ہوں گے۔ صدر جمہوریہ 26 اگست کو بھیم راؤ امبیڈکر یونیورسٹی کے کانوکیشن میں شرکت کریں گے۔ وہیں 27 اگست کو لکھنؤ میں سینک اسکول کی ہیرک جینتی پر پوسٹل اسٹامپ کا اجرا کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی 1000 افراد کی گنجائش والے اسکول کے آڈیٹوریم کا بھی اجرا کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ منوج پانڈے سینک اسکول میں طلبہ کے لیے ہاسٹل کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ سینک اسکول کے بانی سابق وزیر اعلیٰ سمپورنانند کے ایک بڑے مجسمے کی نقاب کشائی بھی کریں گے۔