لکھنؤ: اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف سوشل میڈیا پر متنازع بیان دینے کے الزام میں سید عظمیٰ پروین کے خلاف سائبر کرائم تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ عظمیٰ لکھنؤ مغربی اسمبلی سیٹ پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ چکی ہیں۔
سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل سبودھ کمار پانڈے نے ایف آئی آر درج کرتے ہوئے کہا کہ ''آئی جی لا اینڈ آرڈر نے اس سلسلے میں ایک خط بھیجا ہے جس کے مطابق سید عظمیٰ پروین، جن کا ٹوئٹر ہینڈل @UzmaParveenLko ہے، نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کیے ہیں۔'' ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ''سید عظمیٰ پروین نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں سی ایم یوگی کو مافیا، ریپسٹ اور تشدد پر اکسانے والا بتایا، مزید یہ کہ انہوں نے یوگی کے خلاف ہتھیار اٹھانے کی دھمکی بھی دی۔'' حالانکہ عظمیٰ پروین ویڈیو میں وزیر اعلیٰ کو دھمکی نہ دے کر 'سنو دروپدی تم سشتر اٹھا لو' کے عنوان سے ایک کویتا سناتی نظر آ رہی ہیں۔