ریاست اترپردیش کے مرادآباد کی رہنے والی رچی چترویدی بچپن سے ہی پولیو سے متاثر ہیں۔ بیساکھیوں کے سہارے زندگی کا سفر طے کر رہی رچی بلند سوچ کی خاتون ہیں اور اپنے جیسے لوگوں کو نئی راہ دکھا رہی ہیں۔
انسان کے دل میں کچھ کرنے کا جذبہ ہو تو کوئی راہ مشکل نہیں ہوتی۔ جسمانی معذوری زندگی کے سفر میں امتحان تو سخت لیتی ہے لیکن خود پر بھروسہ ہو تو منزل مقصود تک پہنچنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوتی۔ جی ہاں کچھ ایسی ہی داستاں ہے مرادآباد کی رہنے والی رچی چترویدی کی۔ بچپن میں پولیو کی بیماری کے سبب مشکل میں آئی رچی آج اپنے پیروں پر کھڑی ہیں۔
ضلع کے سیول لائن تھانہ علاقے میں رہنے والی رچی ہر روز اپنی زندگی اسی طرح شروع کرتی ہیں، جیسےایک صحت مند انسان اپنی زندگی کی شروعات کرتا ہے۔
ریلوے کالونی میں رہنے والی رچی معذور ہیں اور بیساکھیوں کے سہارے ہی چل پاتی ہیں۔ رچی پڑھائی میں ہمیشہ اول رہی اور ایم اے کے ساتھ ایل ایل بی کی پڑھائی مکمل کر چکی ہیں۔
محض ڈھائی برس کی عمرمیں رچی کو پولیو وائرس کے چلتے جسمانی معذوری کا سامنا کرنا پڑا، لیکن بیماری کو اپنی کمزوری نہیں بننے دیا اور رچی نے اپنے زندگی کا ایک مقصد رکھا۔