بہرائچ: اترپردیش کے ضلع شراوستی کے بھنگا کوتوالی پولیس نے سائبر ٹھگی کرنے کے معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ لائن میں تعینات کانسٹیبل اختر عالم نے کوتوالی پولیس کو ایک شکایت درج کرائی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ کسی نامعلوم نے لنک اور موبائل سے تین ہزار روپیے مانگے تھے۔ پھر واٹس ایپ کرایا اور آدھار و پین کارڈ کی فوٹو لے کر دھوکہ دھڑی کی ہے۔ اس پر مختلف دفعات میں معاملہ درج کیا تھا۔ انسپکٹر لال سنگھ نے معاملے کی تفتیش کرتے ہوئے 24 گھنٹے کے اندر واقعہ کا انکشاف کر دیا۔
پولیس انسپکٹر لال سنگھ نے بتایا کہ اس معاملے میں اناؤ کے کوتوالی صدر کے تحت پیتامبر نگر باشندہ ملزم رنکو شرما کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کو اس کے کھاتے کی تفصیلات کی جانکاری میں پتہ چلا ہے کہ 15 دنوں میں تقریباً چار کروڑ روپیے کا لین دین ہوا تھا۔ پولیس کو ملزم کے کھاتے میں ایک لاکھ 47 ہزار روپیے کا پتہ چلا ہے۔ پولیس نے اس کے کھاتے کو سیز کردیا ہے۔ پولیس نے اس کے قبضے سے تین موبائل فون، پانچ اے ٹی ایم کارڈ، ایک آدھار و ایک پین کارڈ برآمد کیا ہے۔ ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے جیل بھیج دیا گیا۔