وزیر اعظم نریندر مودی پیر کو اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی کا دورہ کریں گے اور اس دوران وہ دیو دیپاولی فیسٹیول میں حصہ لیں گے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پی ایم مودی کے تمام پروگراموں میں ان کے ساتھ ہوں گے۔
اتوار کے روز اترپردیش حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں وزیر اعظم کے پروگرام کے بارے میں معلومات دی گئیں۔ معلومات کے مطابق وزیر اعظم دورے میں دیو دیپاولی فیسٹیول میں شریک ہوں گے اور لیزر شو دیکھیں گے۔ وزیر اعظم سارناتھ آثار قدیمہ کمپلیکس میں لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو بھی دیکھیں گے۔
اس دوران وہ قومی شاہراہ نمبر 2 کے ہینڈیہ - راجہ تالاب سیکشن کے 6 لین چوڑائی کا کام قوم کے لئے وقف (افتتاح) کریں گے۔ وہ شری کاشی وشوناتھ مندر دھام پروجیکٹ کے مقام کا بھی دورہ کریں گے۔
وزیر اعظم نے ٹویٹ کر کے کہا کہ کل دیو دیوالی کے اچھے موقع پر انہیں اپنے پارلیمانی حلقہ بنارس کے لوگوں کے درمیان رہنے کی سعادت حاصل ہوگی۔ اس دوران شری کاشی وشوناتھ ٹیمپل کوریڈور اور سارناتھ کا دورہ کرنے کا موقع ملے گا اور اس کے ساتھ ہی وارانسی-پریاگراج کے درمیان سڑک کو وسیع کرنے کے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔