علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ دفتر طلبہ کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملازمت فراہم کرنے کی مستقل کوشش کرتا رہتا ہے اور یہ ان کی کوشش کا ہی نتیجہ ہے کہ اے ایم یو کے 14 طلباء کا انتخاب ملازمت کے لئے ہوا ہے۔ واضح رہے اے ایم یو میں ڈپلومہ انجینئرنگ کے 35 طلباء کو گزشتہ برس دبئی کی کمپنی آئی ایف ایف سی او (IFFCO) نے ملازمت کے لیے منتخب کیا تھا۔اور اب کیمپس پلیسمنٹ کی توسط سے مختلف فیکلٹیز کے کل 14 طلباء کو ملازمت کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ جس میں پبلک سیکٹر کی معروف کمپنی انجینئرس انڈیا لمیٹیڈ، نئی دہلی نے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، اے ایم یو کے 2023 بیچ کے چار طلباء کو 18.25 لاکھ کے سالانہ پیکیج پر کیمپس پلیسمنٹ مہم کے توسط سے ملازمت کے لئے منتخب کیا ہے، جس میں علیشا خان (بیچلر آف آرکیٹیکچر)، عبا محفوظ (بی ٹیک، سول)، مسکان وارشنے (بی ٹیک، کیمیکل) اور ہمانشو کمار (بی ٹیک، الیکٹریکل) شامل ہیں۔
انجینئرنگ کالج کے ٹی پی او فرحان سعید نے بتایا کہ طلباء کا ٹیکنیکل اور ایچ آر انٹرویو، انجینئرس انڈیا لمیٹیڈ کے نئی دہلی واقع دفتر میں ہوا۔اس کے علاوہ کینیس انڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ نے انجینئرنگ کالج کے دو طلباء کو کالج کے ٹریننگ و پلیسمنٹ دفتر کے زیر اہتمام منعقدہ ایک آن لائن بھرتی مہم کے ذریعے منتخب کیا ہے۔منتخب طلباء شیوم چودھری (ایم ٹیک، الیکٹریکل) اور محمد حماد (بی ٹیک، مکینیکل) ٹیکنیکل انجینئر کے طور پر کام کریں گے۔