بارہ بنکی رام سنیہی گھاٹ کی مسجد کے بعد ضلع مظفر نگر کھتولی کی مسجد کو انتظامیہ کے ذریعہ شہید کرا دی گئی۔
پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے جاری پریس ریلیز کے ذریعہ مسجد کو شہید کئے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیس پارٹی کی ملک کے فرقہ وارانہ وقوع پر پوری نظر ہے۔
ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری و کورونا پر قابو پانے وغیرہ کی ناکامیوں سے حکومت کے خلاف عوام میں ایک اشتعال ہے۔ اترپردیش میں آئندہ سال اسمبلی کے عام انتخابات کو دیکھتے ہوئے حکومت عوام کے اشتعال کو کم کرنے اور اکثریت میں اپنا اعتماد بحال کرنے کے لئے اس کے پاس اب کوئی ترقی کا ایجنڈا تو ہے نہیں، وہ صرف فرقہ وارانہ بنیاد پر پولرائزیشن کے لئے انتظامیہ کے ذریعہ غیر آئینی طریقے سے مسجدوں کو شہید کرانے و اقلیتوں کے استحصال کی ایک مہم شروع کر دی ہے، جس کے سبب اقلیتوں و اکثریت کے مابین ایک کھائی بنا کر فائدہ اٹھایا جا سکے۔