پرتاپ گڑھ : پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے سویڈن میں قرآن پاک کے نظر آتش کیے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک کی آج تک جب جب اسلام دشمنوں نے توہین کی ہے تب تب اسلام کی جانب لوگ راغب ہوئے ہیں اور اسلام کے ماننے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے ، جس سے پریشان سویڈن کے انتہا پسندوں کے ذریعہ قرآن پاک کو نظر آتش کیا جانا سوئیڈن حکومت کی فرقہ وارانہ و اسلاموفوبیا سوچ کا نتیجہ ہے۔ اس مذموم حرکت نے جہاں پوری انسانیت کو شرم سار کیا، وہیں ایسی حرکت سے یورپ میں اسلام کے پھیلنے پر قدغن نہیں لگایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے سوئیڈن میں قرآن پاک نظر آتش کئے جانے کے واقعہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کی حفاظت کرنے والا اللہ ہے ، اور اس طرح کی حرکت کرکے اس کی عزت، عظمت ،تقدس و وقار کو کوئی مجروح نہیں کر سکتا ہے ۔
Quran Burning in Sweden سویڈن میں قرآن کریم کو نذر آتش کیے جانے کی پیس پارٹی نے مذمت کی
پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ سویڈن قرآن شریف کو نذر آتش کرکے یورپ میں اسلام پھیلنے پر قدغن نہیں لگا سکتا۔
ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ قرآن پاک کی توہین ایک وحشیانہ عمل اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مشتعل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر مسلموں کو چاہیے کہ جس طرح مسلمان ان کے مذہبی شخصیتوں و کتابوں کا احترام کرتے ہیں اسی طرح وہ بھی ان کے مقدس شخصیتوں و مذہبی کتابوں کا احترام کریں۔ یورپ میں جتنا زیادہ اسلامو فوبیا بڑھا اتنے ہی زیادہ نوجوان اسلام کی جانب راغب ہو رہے ہیں ۔ آج اسلام یورپ میں تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے ۔ عالم اسلام کو ایسے معاملات پر مزید ترجیح دینے کی ضرورت ہے ۔ قرآن کی توہین کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اس مذموم جرم پر نوٹس لینے کی ضرورت ہے ۔ سویڈن کا یہ عمل عالمی قوانین کے خلاف ہے ۔ انہوں کہا کہ پیس پارٹی اس مذموم حرکت کے لئے سویڈن سفارتخانہ کو مکتوب ارسال کر کے احتجاج درج کرائے گی ۔
یہ بھی پڑھیں : Quran Burning in Sweden قرآنِ کریم کو نذر آتش کیے جانے پر یورپی یونین اور امریکہ کا ردعمل