ریاست اتر پردیش کے ایک تاجر کی چلتی ٹرین میں پٹائی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ ویڈیو میں کچھ لوگ تاجر کے کپڑے اتارتے اور بیلٹ سے پیٹتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ جمعرات کو کچھ لوگوں نے تاجر پر دہلی سے پرتاپ گڑھ جانے والی پدماوت ایکسپریس ٹرین میں چوری کا الزام لگایا۔ اس کے ساتھ مذہبی نعرے نہ لگانے پر اسے بیلٹ سے بری طرح پیٹا گیا۔ اس کے بعد متاثرہ کو مرادآباد سے تھوڑی دور قبل ایک مقام اتار دیاگیا۔ جب یہ ویڈیو وائرل ہوا تو جی آر پی ایسکارٹ نے دونوں ملزمان کو بریلی ریلوے اسٹیشن پر اتار کر اپنی تحویل میں لے لیا۔
کٹگھر تھانہ علاقہ کے پیرزادہ کے رہنے والے عاصم حسین نے بتایا کہ وہ دہلی سے مرادآباد جانے والی پدماوت ایکسپریس ٹرین کی جنرل بوگی میں سوار ہوئے تھے۔ ٹرین میں ہاپوڑ کے کچھ لوگوں نے اسے بھیڑ میں گھیر لیا اور اسے چور کہہ کر مارنا شروع کر دیا۔ ساتھ ہی انہیں جئے شری رام کے نعرے لگانے کو کہا۔ جب اس نے ایسا نہیں کیا تو اسے زمین پر لٹا کر بری طرح پیٹا گیا۔ جب ٹرین مراد آباد کے باہر پہنچی تو عاصم حسین کو گرا دیا گیا۔ جمعہ کو خاندان والوں کے ساتھ مرادآباد جی آر پی تھانے پہنچ کر شکایت درج کروائی۔