لکھنؤ: سابق وزیر اعلیٰ، سابق وزیر دفاع اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے بانی آنجہانی ملائم سنگھ یادو سمیت اتر پردیش کی آٹھ شخصیات کو ملک کے اعلیٰ شہری اعزاز 'پدم ایوارڈ' سے نوازا گیا ہے۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر مرکزی حکومت نے ملائم سنگھ یادو کو بعد از مرگ پدم وبھوشن سے نوازنے کا اعلان کیا ہے، جب کہ رادھاچرن گپتا کو ادب اور تعلیم کے لئے، دلشاد حسین کو فن کے شعبے میں، اروند کمار کو سائنس اور انجینئرنگ، اوما شنکر پانڈے کو سماجی کاموں کے لیے، منورنجن ساہو کو میڈیسن کے شعبے کے لیے، رتوک سانیال کو فن کے شعبے کے لیےاور وشوناتھ پرساد تیواری کو ادب اور تعلیم کے لیے پدم شری سے نوازا جائے گا۔
خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ٹویٹ کیا 'آج باوقار ’پدم ایوارڈ' سے نوازے جانے والی اترپردیش کی تمام آٹھ شخصیات کو دلی مبارکباد۔ مختلف شعبوں میں آپ کی شاندار خدمات نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ریاست کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ مقصد کے لیے آپ کی لگن مثالی ہے۔'