فیروز آباد: ریاست اترپردیش کے ضلع فیروز آباد میں ایک لڑکی اور اس کے بھائی کا سر قلم کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ متاثرہ لڑکی پی اے سی جوان کی بیٹی ہے۔ لڑکی کی دوستی امروہہ کے رہنے والے ایک نوجوان سے فیس بک پر ہوئی تھی اور یہ دونوں فیس بک اور واٹس اپ کے ذریعے بات چیت کیا کرتے تھے۔ ملزم، لڑکی کے گاؤں اس سے ملاقات کے لیے بھی آیا تھا اور وہ لڑکی کو اپنے ساتھ بھی لے گیا۔ جہاں نوجوان نے لڑکی کو مذہب تبدیل کرنے کی دھمکی بھی دی۔ مذہب تبدیل نہ کرنے پر اس نوجوان نے لڑکی اور اس کے بھائی کا سر قلم کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ایس پی دیہات کنور رن وجے سنگھ کا کہنا ہے کہ متاثرہ کی شکایت پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
لڑکی فیروز آباد ضلع کے شکوہ آباد تھانے کے علاقے کے ایک گاؤں کی رہنے والی ہے۔ لڑکی کے والد پی اے سی میں کانسٹیبل کے عہدے پر تعینات ہیں۔ دراصل اس لڑکی کی فیس بک کے ذریعے امروہہ ضلع کے رہنے والے شاہ رخ عرف ویہان سے دوستی ہوئی تھی۔ وہان 24 ستمبر کو شکوہ آباد آیا اور لڑکی کو اپنے ساتھ لے گیا۔ بعد ازاں لڑکی اپنے گھر واپس آگئی۔