آئندہ آپ جب بھی کسی خوانچہ فروش یا کچرا چُننے والے سے ملیں تو غلطی سے بھی یہ نہ سوچیں کہ وہ غریب ہیں کیوں کہ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق اتر پردیش کے شہر کانپور میں تقریباً 256 ایسے افراد جو کچرا چُننے کا کام کرتے ہیں یا خوانچہ فروش ہیں وہ لاکھوں کروڑوں کی پراپرٹی کے مالک ہیں۔
محکمہ انکم ٹیکس کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع کانپور میں تقریباً 256 اسٹریٹ وینڈرز(خوانچہ فروش) کچرا چننے والے کروڑ پتی پائے گئے ہیں جو ٹیکس ادا کرنے سے بچ رہے ہیں۔
ان لوگوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ چھوٹی چھوٹی دکانوں کے مالک ہیں جہاں وہ کھانے پینے کی اشیاء، نمکین اور پان وغیرہ فروخت کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق انہوں نے کبھی انکم ٹیکس ادا نہیں کیا اور شہر کے مہنگے علاقوں میں کروڑوں روپے کی پراپرٹی خریدی ہے۔ ان میں سے کچھ نے یہ پراپرٹی اپنے نام پر خریدی تو کچھ نے کنبہ کے افراد کے نام پر۔