بارہ بنکی: اترپردیش کی بارابنکی انتظامیہ جلد ہی سابق رکن اسمبلی مختار انصاری کے قریبی لوگوں کی تقریباً 1 کروڑ 50 لاکھ روپے کی غیر منقولہ جائیداد قرق کرے گی۔ ڈی ایم اویناش کمار نے اترپردیش گینگ بندی اور سماج مخالف سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ کی دفعہ 14 (1) کے تحت ملزم کی غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
واضح رہے کہ 31 مارچ 2021 کو بارہ بنکی کی ایمبولینس اس وقت سرخیوں میں آئی جب اسے مختار انصاری پنجاب کی روپن جیل سے موہالی کورٹ جانے کے لیے مبینہ طور پر استعمال کر رہے تھے۔ اس ایمبولینس پر بارہ بنکی ضلع کا نمبر تھا۔ اس کے بعد بارہ بنکی ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ میں ہلچل مچ گئی۔ جب جانچ شروع ہوئی تو پتہ چلا کہ ایمبولینس کو بارہ بنکی اے آر ٹی او آفس میں سال 2013 میں فرضی دستاویزات کی مدد سے رجسٹر کیا گیا تھا۔ جب بارہ بنکی ڈیویژنل ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے اس ایمبولینس کی چھان بین کی تو معلوم ہوا کہ اس کی تجدید بالکل نہیں کی گئی تھی۔ جب کاغذات کی تلاشی لی گئی تو یہ ڈاکٹر الکا رائے کی فرضی ووٹر آئی ڈی کے ساتھ رجسٹرڈ پایا گیا۔