ریاست اتر پردیش کے گورکھپور میں بوتھ صدور کے ایک سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی صدر نے کہا کہ 'میں اس بات کا دعوی کرسکتا ہوں کہ یہاں بیٹھا کوئی بھی بوتھ کارکن کل پارٹی کا ریاستی صدر بن سکتاہے۔ ہمارا جمہوریت میں یقین ہے۔ لیکن اپوزیشن پارٹیوں کو صرف اپنے کنبے کی فکر ہے۔ ان کو جمہوریت کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ صرف بی جے پی میں ہی ایک عام کارکن پارٹی کو چلا سکتا ہے۔ ہمارے لئے نیشنلزم سب سے اوپر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'اپوزیشن پارٹیاں خاندانوں پر چلتی ہیں جبکہ ہم نیشنلزم کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔ اپوزیشن پارٹیوں میں سب کچھ خاندان ہی ہوتا ہے جبکہ ہم سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواش فارمولے کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔'
بی جے پی صدر نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ جب انتخابات آتے ہیں تو بی جے پی مہاتما گاندھی سے لے کر سردار پٹیل تک کو یاد کرتی ہے جبکہ اپوزیشن پارٹیاں پاکستان اور جناح کو یاد کرنا شروع کردیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب مودی کہہ رہے تھے ہر کسی کو ٹیکہ لگوانا چاہئے۔ کچھ افراد کہہ رہے تھے یہ مودی اور بی جے پی کی ویکسین ہے۔ لیکن اب سوال یہ ہے کہ آپ کس کی ویکسین کے اردگرد گھوم رہے ہیں۔ کچھ دنوں بعد لال ٹوپی بھی بھگوا ہونے جارہی ہے۔ بہت سارے افراد کسان لیڈر بن گئے لیکن اگر کسی نے کسانوں کے لئے کچھ کیا ہے تو وہ مودی جی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سال 2014 سے پہلے 20 ہزار کروڑ روپے کا بجٹ ہوا کرتا تھا لیکن آج مودی کی لیڈرشپ میں زرعی بجٹ 1.23 لاکھ کروڑ روپے ہوگیا ہے۔ بی جے پی صدر نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں یوپی مکمل طور سے تبدیل ہوچکا ہے۔