میرٹھ : اتر پردیش کے وزیر مملکت برائے ثانوی تعلیم گلاب دیوی نے میرٹھ ضلع میں سرکاری اسکولوں کی تعلیم سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ ریاستی وزیر گلاب دیوی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے یوپی کے سرکاری مدارس میں درس کے ٹائم میں ایک گھنٹہ بڑھائے جانے پر سختی سے عمل کرانے کی بھی بات کہی۔
اتر پردیش میں سرکاری مدارس میں درس تعلیم کے اوقات میں ایک گھنٹہ کی توسیع کیے جانے پر کچھ مدرسہ منتظمینِ کی طرف سے ناراضگی ظاہر کرنے کے سوال پر ریاستی وزیر گلاب دیوی نے سخت الفاظ میں کہا کہ مدرسوں میں ایک گھنٹہ بڑھائے جانے کی ہدایت پر سبھی مدرسہ منتظمین کو عمل کرنا ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بچوں کے حق میں لیا گیا فیصلہ ہے۔ گلاب دیوی نے کہا کہ اسکول اور مدارس میں تعلیم کے معیار کو بڑھانے اور اس کے انتظامات کو درست کرنے کے لیے جو بھی ضروری ہوگا اسے کیا جائے گا۔