مہوبہ: اترپردیش کے ضلع مہوبہ کے بھاٹی پورا علاقے میں وشوہندو پریشد(وی ایچ پی) کے ضلع صدر اور دیگر عہدیداروں پر حملے کے معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(ایس پی) سدھا سنگھ نے منگل کو یہاں بتایا کہ وی ایچ پی ضلع صدر منوج شیوہرے اور دیگر عہدیداروں پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ پیر کی دیر شام ایک تعزیت تقریب میں شرکت کر کے لوٹ رہے تھے۔
انہوں نے کہا'جیسے ہی وی ایچ پی لیڈر اپنی گاڑی میں سوار ہوئے، مسلح مجرمین نے گھات لگا کر حملہ کیا اور غیر قانونی ہتھیار سے فائرنگ کردی۔ اس حملے میں حالانکہ کوئی زخمی نہیں ہوا لیکن اس سے شہر میں کشیدگی پھیل گئی۔ انہوں نے کہا کہ وی ایچ پی پر حملے کی خبر پھیلتے ہی صدرکوتوالی تھانے میں کافی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے۔
پولیس نے فوراً کاروائی کرتے ہوئے معاملہ درج کر کے ایک ملزم رضوان کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس معاملے میں تین نامزد اور چار نامعلوم ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایس پی نے کہا کہ رات میں ملزمین کے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے ماری کی گئی۔ انہوں نے کہا شہر میں کشیدگی کے پیش نظر اور نظم ونسق کے حالات بنائے رکھنے کے لئے کثیر تعداد میں پولیس اور پی اے سی کی تعیناتی کی گئی ہے۔