پرتاپ گڑھ: سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر آصف صدیقی نے ہریانہ میں دو مسلم نوجوانوں کو زندہ جلاکر ہلاک کرنے کے وقوعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دو انسانوں کو ہی نہیں جلاکر ہلاک کیا گیا، بلکہ آئین ہند کو جلاکر اس کے تقدس کو پامال کیا گیا ،جس میں بلا تفریق سبھی مذاہب کو آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق دیا گیا ہے ،مگر کچھ فرقہ پرست طاقتیں ملک کے آئین و جمہوریت کے برعکس اپنی مرضی سے اس ملک کو چلانا چاہتی ہیں ،اور ایک خصوصی طبقے کا انہیں سکون سے رہنا پسند نہیں ،جس کے سبب یہ شرپسند عناصر ملک کی محبت کی فضا کو پراگندہ کرنے کے لیے وقت وقت پر کبھی جے شری رام تو کبھی گائے کے نام پر انسانوں کا قتل کر انسانیت کو مجروح کرنے کا کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے دو مسلم نوجوانوں کے جلانے کے دلسوز واقعہ پر اپنے ردعمل میں مذکورہ خیالات کا اظہار کیا ۔
صدیقی نے کہا کہ ہندوستان کے شہری امن پسند اور ایک دوسرے کا احترام کرنے والے ہیں ،مگر کچھ مٹھی بھر فرقہ پرست طاقتوں کے شرپسندوں کو یہ گنگا جمنی تہذیب پسند نہیں ہے ،جس کو درہم برہم کرنے کے لیے وہ کوشاں رہتے ہیں۔ پولیس انتظامیہ بھی ان شرپسندوں کے خلاف کوئی موثر کارروائی نہیں کرتی ،بلکہ ضابطہ کی تکمیل کے لیے ایسے مقدمات درج کرنے کے دوران اس میں ایسا جھول رکھا جاتا ہے ،تاکہ ملزمان کو عدالت سے راحت مل سکے ۔خصوصی طبقے کے خلاف شرانگیز بیان بازیاں عام بات ہے ،جس پر قانونی طور پر کارروائی نہیں کی جاتی ،جس سے شرپسندوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بے خوف قتل و غارت کا انجام دے رہے ہیں، حکومت بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔