ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی میں اسمیک اسمگلر پردھان سعید خاں عرف چھوٹے کی گرفتاری کے بعد اب اس کے اہل خانہ اور رشتہ داروں پر پولیس کا شکنجہ کستا جارہا ہے۔ بریلی کی عدالت نے اسمگلر پردھان خاں کی دونوں بیویوں، دونوں بیٹوں، بھائی سلیم ، اس کی بیوی کشوری اور اس کے دوست فیاض کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے۔
گزشتہ ماہ 18 اگست کو تھانہ فتح گنج مشرقی علاقے میں واقع گاؤں پڑھیرا کے پردھان سعید خاں اور اس کے بھتیجے سیف خان کو پولیس نے 20 کلو اسمیک کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔
سعید خاں اور صیف کی گرفتاری کے بعد کنبہ کے باقی افراد گھر چھوڑکر فرار ہوگئے تھے۔ ابتدائی تفتیش میں ہی پولیس نے پورے کنبے کو اسمگلنگ کے غیر قانونی کام میں ملوث ہونے کے ثبوت جمع کیے۔ اس کے بعد پولیس نے سعید خاں عرف چھوٹے، بھتیجے صیف خان، بھائی سلیم خان، شُعیب، فہیم، وسیم، مُنّا اور حسین کے خلاف این ڈی پی ایس کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔