علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے انٹرڈسپلینری ڈپارٹمنٹ آف ریموٹ سینسنگ اینڈ جی آئی ایس ایپلی کیشنز کو ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اِسرو)کے خلائی سائنس و ٹکنالوجی بیداری ٹریننگ (اسٹارٹ) پروگرام کے لیے نوڈل سینٹر بنایاگیا ہے۔
اسٹارٹ پروگرام اِسرو کی ایک جدید آن لائن تربیتی پہل ہے، جس کا مقصد سائنس و ٹکنالوجی کے انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلباء کو خلائی سائنس و ٹکنالوجی کی دلچسپ دنیا سے متعارف کرانا ہے۔ یہ پروگرام اِسرو کے تجربہ کار سائنسدانوں کے ذریعے منعقد کیا جائے گا، جس میں خلائی سائنس کے متنوع شعبوں جیسے کہ فلکیات، سیاروں کی سائنس، ہیلیو فزکس، ماحولیاتی سائنس، مائیکرو گریوٹی سے متعلق مطالعات اور خلائی ٹکنالوجی کی گہرائی سے معلومات فراہم کی جائیں گی۔
صدر شعبہ اور نوڈل سنٹر کے کوآرڈنیٹر ڈاکٹر حارث حسن خاں نے کہا کہ یہ تعاون خلائی سائنس میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لئے بہت سودمند ثابت ہوگا۔اور اس شعبہ میں نوجوان ماہرین تیار ہوں گے جو خلائی سائنس و ٹکنالوجی میں ہندوستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انھوں نے مزید کہاکہ اسرو -اسٹارٹ پروگرام کا بنیادی مقصد خلائی سائنس و ٹکنالوجی کے میدان میں ہنر مند انسانی وسائل کو فروغ دینا ہے۔ اس سے خلائی تحقیق میں طلباء کی شرکت بڑھے گی۔