علیگڑھ:عالمی شہرت یافتہ علیگڈھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کا شعبہ اردو دنیا کا سب سے بڑا شعبہ اردو ہے۔ باوجود اس کے تعلیمی سال 2022-23 میں پی ایچ ڈی میں داخلہ لینے کے لئے ایک بھی سیٹ نہیں نکالی گئی ہے۔اس کے سبب پی ایچ ڈی میں داخلہ لینے والے خواہش مند طلباء پریشان ہیں۔ طلباء نے صدر شعبہ سے ملاقات کرکے انتظامیہ سے جلد سے جلد سیٹیں نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اے ایم یو طلباء کے کئی احتجاج اور میمورنڈم کے بعد دو روز قبل یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلے کے لیے آسامیاں کی لسٹ جاری کی گئی تھی۔اس میں یونیورسٹی کی دیگر شعبوں میں پی ایچ ڈی میں داخلے کے لئے سیٹیں نکالی گئی ہے لیکن شعبہ اردو میں ایک بھی سیٹ نہیں ہے جبکہ شعبہ کے اساتذہ اور طلبہ کے مطابق تقریبا 30 سیٹیں ہونی چاہیے۔
اردو پی ایچ ڈی میں داخلہ لینے کے خواہشمند طلباء و طالبات گزشتہ ایک برس سے داخلے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے تیاری کر رہے تھے جن میں سے کچھ طالبات ایسی بھی ہیں جو کرائے کے کمروں میں رہ کر تیاری کر رہی ہیں۔ ایسی ہی ایک طالبہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اے ایم یو طالبات کو کورس مکمل ہونے کے بعد فورا ہاسٹل سے نکال دیتی ہے۔ اس کے سبب ہی گزشتہ ایک برس سے اپنے گھر والوں سے دور کرائے کے کمرے پر رہ کر ہم داخلے کی تیاری کر رہی ہیں، داخلے امتحان میں کامیابی حاصل کرنا تو دور جب ہمیں معلوم چلا ہے کہ ہم داخلے امتحان میں شریک ہی نہیں ہو سکتے ہیں کیونکہ ایک بھی سیٹ نہیں ہے تو ہمیں بہت افسوس ہوا۔