ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں کووڈ 19 کے باعث اس بار محرم الحرام کے موقع پر حکومت کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے یوم عاشورہ پر نکلنے والے جلوس کو منسوخ کر دیا گیا۔
اس جلوس میں ہر سال ہزاروں لوگ شریک ہوتے تھے۔ یہ جلوس مظفر نگر کے مختلف مقامات سے ہوتے ہوئے کربلا شریف پہچتا تھا لیکن اس بار کورونا وبا کی وجہ سے نہ ہی کوئی جلوس نکالا گیا اور نہ ہی تعزیوں کو دفن کیا گیا۔ سبھی عزاداروں نے سادگی کے ساتھ محرم الحرام کو اپنے گھروں پر ہی منايا۔
مظفرنگر کربلا کمیٹی کے صدر ڈاکٹر حسن مہندی نے بتایا کہ 'ہر سال مظفر نگر کے ابو پورہ سے ایک بہت بڑا جلوس نکلتا تھا۔ تعزیے نکلتے تھے لیکن اس سال کورونا وبا کی وجہ سے سبھی پروگرام کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ یہاں نہ تو کوئی تاجداری کی گئی، نہ ہی کوئی جلوس نکلا اور نہ ہی مجلس کی گئی۔سبھی عزاداروں نے اپنے گھروں پر ہی عزاداری برپا کی ہے۔