ریاست اترپردیش کے رامپور میں قدیم کتب خانہ اور تاریخی صولت پبلک لائبریری کے صدر کا انتخاب عمل میں آ چکا ہے۔ رامپور کی معروف علمی و ادبی شخصیت شوکت علی خان ایڈووکیٹ لائبریری کے نئے صدر منتخب ہوئے ہیں۔
نومنتخب صدر شوکت علی خان نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لائبریری اور اس میں موجود کتابوں کے تحفظ کے لئے سب سے پہلے ضروری ہے کہ لائبریری کی عمارت کی تزئین کاری کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ قدیم عمارت ماضی میں رکھ رکھاؤ نہیں کئے جانے کی وجہ سے کافی بوسیدہ ہو گئی ہے، کبھی بھی گر سکتی ہے اور کوئی بڑا حادثہ درپیش آ سکتا ہے۔ اس لئے کی چھت کی مرمت اور تزئین کاری کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ لائبریری میں موجود کتابوں کی جلد کاری کی جائے گی اور مختلف مقامات پر بکھری ہوئی لائبریری کی کتابوں کو یکجا کرکے لائبریری کی شیلف میں ترتیب کے ساتھ لگایا جائے گا تاکہ قارئین یہاں پہنچ کر آسانی سے مطالعہ کر سکیں۔
ایک سوال کے جواب میں شوکت علی خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ صولت پبلک لائبریری جو کتابوں کا قبرستان بن چکا تھا اب ہماری کوشش ہوگی کہ اہل علم اور دیگر لائبریریز سے رابطے قائم کرکے اس قبرستان کو دانش کدہ میں تبدیل کیا جائے۔