نوئیڈا:ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں بھارتیہ کسان یونین (بھکیو) کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت نے کہا کہ جب تک کسانوں کے تمام مطالبات پورے نہیں ہوتے، کسان نہ تو ایک انچ زمین دینگے اور نہ ہی ہوائی اڈے کے لیے گاؤں خالی کریں گے۔ ٹکیت نے کہا کہ حکومت کسانوں سے زمین چھین کر تاجروں کے حوالے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ایسے میں حکومت کی پالیسیوں کی مخالفت کے لئے کم از کم ایک سال کی تحریک کا خاکہ تیار کرنا ہوگا، تاکہ حکومت کو کسانوں کے تمام مطالبات پورے کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔
پنچایت میں کسانوں نے راکیش ٹکیت سے نقل مکانی کی پالیسی کے خلاف احتجاج اور تحریک شروع کرنے کی درخواست کی۔ راکیش ٹکیت سب سے پہلےنوئیڈہ ربو پورہ کے گاؤں نانگلا حکم سنگھ پہنچے۔ یہاں انہوں نے کہا کہ بھارتیہ کسان یونین کسی بھی کسان کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دے گی۔ اگر کسی نے کسانوں کو مجبور کرنے کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ دوسری طرف جیور کے رانہیرا گاؤں میں منعقدہ پنچایت میں کسانوں نے اپنے مسائل اور شکایات سے راکیش ٹکیت کو آگاہ کرایا۔