علی گڑھ: فیکلٹی آف لاء کے ڈین پروفیسر ظفر محفوظ نعمانی نے معززین اور مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے فیکلٹی کی ترقی میں پروفیسر زکریا صدیقی کے خصوصی کردار کا ذکر کیا۔ انھوں نے ان کے علمی مرتبے پر روشنی ڈالی اور ذاتی یادیں تازہ کی۔ اس موقع پر پروفیسر صدیقی کی اہلیہ پروفیسر راشدہ رعنا صدیقی، بیٹی مسز صبا زکریا احمد اور بیٹے فیصل زکریا صدیقی بطور خاص موجود تھے۔
پروفیسر بلراج چوہان، سابق وائس چانسلر، دھرم شاسترا نیشنل لاء یونیورسٹی، جبل پور اور رام منوہر لوہیا نیشنل لاء یونیورسٹی، لکھنؤ نے سمینار کا افتتاح کیا اور ہندوستان میں عام طور پر اور ریاست اتر پردیش میں خاص طور پر نظام استغاثہ کی اصلاح میں پروفیسر زکریا صدیقی کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ افتتاحی نشست میں پروفیسر معراج الدین میر، سابق وائس چانسلر، سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر، سری نگر نے اپنے خطاب میں فوجداری نظام قانون کے بنیادی اصولوں کی وضاحت کی۔
پروفیسر فیضان مصطفیٰ، سابق وائس چانسلر، نیشنل اکیڈمی آف لیگل اسٹڈیز اینڈ ریسرچ یونیورسٹی، حیدرآباد نے فوجداری نظام انصاف کی اصلاح کے عمل کو آگے بڑھانے اور فوجداری قانون کے نظریاتی مباحث میں پروفیسر زکریا کی خدمات کا اعتراف کیا۔ پروفیسر نزہت پروین خان، سابق ڈین، فیکلٹی آف لاء، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی نے قانون کی تعلیم و تدریس و تحقیق سے اپنی وابستگی اور نابالغوں کے لئے انصاف اور فوجداری فارینسکس پر تحقیق کے لئے پروفیسر زکریا صدیقی کے تئیں ممنونیت کا اظہار کیا۔