علی گڑھ: ریاست اترپردیش کے علی گڑھ ضلع میں واقع ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ آرکیٹیکچر نے اسلامی فن تعمیر کے ورثہ پر ایک قومی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اسلامی فن تعمیر کے ورثہ پر قومی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں اپنے صدارتی کلمات میں اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے دنیا کے مختلف خطوں جیسے مشرق وسطیٰ، ترکی، یوروپ، قطر اور اسپین میں اسلامی فن تعمیر کی خصوصیات کا ذکر کیا۔ سری نگر میں پری محل گارڈن پیلیس کے خصوصی ذکر کے ساتھ انہوں نے ہندوستان میں اسلامی فن تعمیر میں دارا شکوہ کے تعاون پر بھی روشنی ڈالی۔
مہمانانِ اعزازی، پروفیسر ایس ایم اختر، سابق ڈین، فیکلٹی آف آرکیٹیکچر، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور پروفیسر جگبیر سنگھ، ڈائرکٹر، ایمیٹی اسکول آف آرکیٹیکچر نے ایک دلچسپ موضوع پر کانفرنس کے انعقاد کے لئے شعبہ کو مبارکباد پیش کی۔ ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی پروفیسر محمد التمش صدیقی نے بھی فیکلٹی کی حصولیابیوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پروفیسر محمد خالد حسن نے دنیا کے مختلف حصوں میں موجود اسلامی فن تعمیر کی خصوصیات، اس کی مختلف شکلوں اور تکنیک کو سمجھنے کے لئے منظم، سائنسی طریقہ کار پر گفتگو اور معلومات کے تبادلے کے لئے کانفرنس کے موضوع کی وضاحت کی۔