آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے گزشتہ دنوں مولانا رابع حسن ندوی کی صدارت میں ملک کے دانشوروں کے ساتھ آن لائن میٹنگ منعقد کیا جس میں مروّجہ جہیز کے خلاف قومی سطح پر مہم چلانے پر اتفاق ہوا اور مسنون نکاح کرنے پر زور دیا گیا۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'موجودہ دور میں مروّجہ جہیز لڑکیوں کے اہل خانہ کے لیے وبال جان بنا ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ ملک میں ایک بہت بڑی تعداد ایسی لڑکیوں کی ہے جو نکاح جیسی نعمت سے محروم ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'ملکی سطح پر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے اس معاملے پر میٹنگ منعقد کی اور غور و خوص کے بعد یہ طے پایا ہے کہ مسلم پرسنل لا بورڈ پورے ملک میں جہیز کے خلاف مہم چلائے گی اور اصلاح معاشرہ پروگرام کے تحت مسنون طریقے پر نکاح کرانے پر زور دے گا۔