علیگڑھ: اترپردیش کے ضلع علیگڑھ کے پنجی پور میں واقع اسلامک مشن اسکول پر مسلم راشٹریہ منچ کے لیڈر محمد عامر نے کئی الزامات عائد کئے ہیں۔ عامر کے مطابق اسکول میں قومی ترانہ اور ہندی نہیں پڑھایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ان کی تین سالہ بیٹی پر حجاب پہن کر اسکول آنے کے لیے دباؤ بنایا جاتا ہے۔ Aligarh islamic mission school محمد عامر نے اس معاملے کی شکایت ضلع مجسٹریٹ اندر وکرم سنگھ سے کی ہے۔ دوسری جانب اسکول منیجر نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ تاہم بی ایس اے نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ تحقیقات کے بعد اگلی کارروائی کی جائے گی۔
مسلم راشٹریہ منچ کے رہنما محمد عامر نے بتایا کہ انہوں نے اپنے تین سالہ بیٹی اقصیٰ کا رواں برس پنجی پور کے اسلامک مشن اسکول میں نرسری میں داخل کرایا تھا۔ جہاں اسے حجاب پہن کر اسکول آنے پر مجبور کیا جا رہا تھا۔ ساتھ ہی پانچ ماہ گزرنے کے باوجود ان کی بیٹی کو ہندی کا ایک لفظ بھی نہیں سکھایا گیا ہے۔ عامر نے کہا کہ اسکول میں کارٹون والے بیگ، بوتل، لنچ باکس پر بھی پابندی ہے۔ اسکول انتظامیہ سے جب اس کی شکایت کی گئی تو اس کا کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔