ریاست اترپردیش رامپور میں انڈین یونین مسلم لیگ کے ضلع صدر فاروق میاں نے سی بی آئی عدالت کے اس فیصلے کو ناانصافی پر مبنی فیصلہ قرار دیا ہے۔ بابری مسجد سے متعلق سی بی آئی عدالت کے فیصلہ پر رامپور میں انڈین یونین مسلم لیگ کے ضلع صدر فاروق میاں نے میڈیا کے سامنے اپنے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ، 'آج جس طرح سے عدالت نے بابری مسجد کو شہید کرنے والے گنہگاروں کو بری کیا ہے، وہ سراسر ناانصافی پر مبنی فیصلہ ہے۔'
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ، 'یہ فیصلہ سناکر مسلمانوں کے ساتھ بہت بڑا دھوکھا کیا گیا ہے۔' فاروق میاں نے 8 نومبر 2019 کے سپریم کورٹ کے بابری مسجد مخالف فیصلہ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ، ' بھارت کا مسلمان اس وقت اس لئے خاموش رہا تھا کیونکہ مسلمان کبھی تشدد کو پسند نہیں کرتا ہے۔' انہوں نے کہا کہ، 'ان کی تنظیم مسلم لیگ ہمیشہ امن و بھائی چارے میں یقین رکھتی ہے، لیکن ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے۔'