علیگڑھ:عالمی شہرت یافتہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) وائس چانسلر نے یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا آج ان شہیدان وطن کو یاد کرنے کا دن ہے جنہوں نے ملک و قوم کی آزادی اور اپنے فیصلے خود کرنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ کارگزار وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کہا کہ حب الوطنی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا ہے اور اس طرح کے پروگرام ہمارے اندر حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ انھوں نے مشاعرے کے انعقاد کے لیے شعبہ اردو کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ علی گڑھ میں اچھی شاعری، عمدہ مشاعرہ اور اچھے سامعین کی روایت رہی ہے، مجھے امید ہے کہ ایسے مشاعرے دوسرے شعبہ جات بھی منعقد کریں گے۔
اس سے قبل اپنے خیر مقدمی کلمات میں شعبہ اردو کے چیئر مین پروفیسر قمر الہدیٰ فریدی نے اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے آزادی کی جد وجہد پر اجمالی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے مذہب و ملت کے فرق کو مٹا کر یہ آزادی حاصل کی تھی جسے بچائے رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اخوت ویگانگت میں مضمر ہے، جسے یہاں کے عوام نے کبھی فراموش نہیں کیا۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک سے محبت کے ساتھ اس کی ترقی میں ہم نمایاں کردار ادا کریں۔ انہوں نے مشاعرے میں شریک بیرونی اور مقامی شعراء کا تعارف بھی کرایا۔
بے سکونی میں بھی تسکین کو پالیتے ہو
کون ہے جس کو تصور میں بسا لیتے ہو
(سراج اجملی)