یوم جمہوریہ کے موقع پر تنویر ادب نیوز کے زیراہتمام ریاست اترپردیش کے ضلع مظفرنگر کے محلہ مملانا روڈ پر ڈاکٹر شمیم ملک(تنظیمی سکریٹری،میڈیکل سیل، بھارتیہ کسان یونین، مظفرنگر) کی جانب سے ایک عظیم الشان مشاعرہ منعقد ہوا ۔
شکیل ہاؤس میں سجائی گئی اس خوبصورت شعری محفل میں بہت سے نامور شعراء کرام نے شرکت کی اور اپنا کلام پیش کرتے ہوئے سامعین سے داد و تحسین وصول کی۔
معروف سماجی خدمت گار فیاض ملک برلا والوں کی صدارت اور مشہور استاد شاعر و ہفت روزہ تنویر ادب کے مدیر ڈاکٹر تنویر گوہر کی خوبصورت نظامت میں مشاعرہ بحسن و خوبی پایہ تکمیل تک پہنچا۔
مشاعرے کی شمع ڈاکٹر جمیل احمد ملک،گلبہار ایڈووکیٹ اصغر ملک، اسلام ملک اور ماسٹر سلیم احمد و ڈاکٹر فرقان ملک نے مشترکہ طور پر روشن کی۔ قاری عبدالسلام نور کی نعت پاک سے مشاعرے کا با برکت آغاز ہوا۔
مشاعرے میں مدعوشعراء کے منتخب اشعار باذوق ناظرین و قارئین کی نذر ہیں۔
عشق تم سے جنوں کی حد تک ہے
اور حد ہی کہاں جنون کی ہے
تنویر گوہر
تم برگد ہو تم کیا جانو ہم گملوں کے پودوں کا دکھ
کٹتے چھٹتے رہنا ہے اور خود کو زندہ رکھنا ہے
ارشد ضیاء
اچھی نہیں ہے وقت کی رفتار چُپ رہو
پسماندہ ہیں صاحبِ معیار چُپ رہو
مصطفٰی کمال پاشا
زلف جب اُن کی لہراگئی
سارے عالم کو مہکا گئی