شعری تقریب کی صدارت بنارس کی معروف شخصیت عبدالعظیم سیٹھ نے جبکہ نظامت کے فرائض معروف شاعر زم زم رام نگری نے انجام دیئے۔
اس پروگرام کا آغاز حافظ سلمان اظہر نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ اویس چندولی نے منظوم مناجات کا ہدیہ پیش کیا۔
اس موقع پر اشوک کمار اپادھیائے کو عالم بنارسی اور مشہور شاعر ریحان نے شان بنارس ایوارڈ سے نوازا۔
تنظیم کے جنرل سکریٹری محفوظ عالم ایڈوکیٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اشوک کمار بنارس کے ان سرکردہ اور ذمہ داروں میں سے ایک ہیں جنہیں غریب مظلوم بے سہارا افراد اپنا حامی و مسیحا سمجھتے ہیں۔
اشوک کمار شہر میں گنگا جمنی تہذیب کے تحفظ کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں اور ہندو مسلم اتحاد قومی بھائی چارے کی آبیاری کے لیے مسلسل کوشاں رہتے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کے دوران نو منتخب صدر اشوک کمار نے کہا کہ 'شہر میں کچھ سیاسی جماعتوں نے ماحول خراب کرنے اور گنگا جمنی تہذیب کو توڑنے کی کوشش کی۔ ایسے عناصر کو سماج سے دور کرنے کی ضرورت ہے ان لوگوں سے جنگی پیمانے پر اسی طرح محاذ آراء ہونے کی ضرورت ہے جیسے آزادی کے لیے انگریزوں سے ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بد امنی، کرپشن، آپسی بھائی چارہ میں پھوٹ اور مہنگائی جیسی متعدد پریشانیاں گزشتہ کچھ برسوں سے جنم لے رہی ہیں جس کے خلاف ہر شہری کو بیدار ہونا ضروری ہے۔
اس شعری نشست میں مختلف شعراء نے اپنے کلام پیش کئے جبکہ تقریب میں دیگر مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جن میں پربھا شنکر، اوم پرکاش پانڈے، ڈاکٹر لکشمی نارائن قابل ذکر ہیں۔