بریلی میں خاندانِ اعلیٰ حضرت کے اہم فرد اور آل انڈیا اتحاد ملت کونسل کے قومی صدر مولانا توقیر رضا خاں کی قیادت اور جماعت اسلامی ہند کے مغربی اتر پردیش کے امیر احمد عزیز خاں کی کاوشوں سے بریلی میں غریب اور ضرورت مندوں کے لئے ایک چیریٹیبل کلینک شروع کیا گیا ہے۔
اس کا خاص مقصد پسماندہ، غریب، ضرورت مند اور بےسہارا طبقہ کا علاج کے نام پر ہونے والا استحصال روکنا ہے۔ ایسے واقعات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں کہ جہاں سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج کے نام پر لوٹ مچی ہے۔ پرائیویٹ ہسپتالوں میں مریض کی موت کے بعد بھی بقایا رقم کی ادائیگی کے بغیر لاش روکنے کے معاملے بھی وقتاً فوقتاً دیکھنے کو ملتے رہتے ہیں۔ انسانوں کے ساتھ ہونے والے ایسے غیر انسانی سلوک کو روکنے یا کم کرنے کے مقصد سے اس چیریٹیبل کلینک کا افتتاح کیا گیا ہے۔
خاص بات یہ ہے کہ سُنّی بریلوی مرکز کے پیشوا اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں فاضل بریلوی کے صاحبزادے حضرت مصطفےٰ رضا خاں مفتی اعظم ہند کے نام پر اس کلینک کا نام ”مفتی اعظم ہند چیریٹیبل کلینک“ رکھا گیا ہے۔ سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس کلینک کو مسلم آبادی میں ضرور شروع کیا گیا ہے، لیکن یہاں کسی بھی طبقہ یا مذہب سے تعلق رکھنے والے شہری بغیر کسی جھجک کے اپنا علاج کرا سکتے ہیں۔ یہاں مریضوں کے مرض کی تشخیص کرنے کے بعد اُسے اگر ضروری ہوگا تو پھر کہیں دیگر ہسپتال میں ریفر کیا جائےگا۔