اٹاوہ:اترپردیش کے ضلع اٹاوہ کے سیفئی علاقے میں دوہرے قتل میں فرار چل رہی ماں بیٹے کو پولیس نے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنجے کمار نے منگل کو بتایا کہ الزام ہے کہ گذشتہ بدھ کی شام ایک نوجوان نے اپنی ماں کے ساتھ مل کر گاؤں کے دو لوگوں پر لوہے کی راڈ سے حملہ کیا تھا جس کی وجہ سے ایک نوجوان کی موقعے پر ہی موت ہو گئی اور دوسرا نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ سیفئی میڈیکل یونیورسٹی میں علاج کے دوران تیسرے دن موت ہوگئی تھی۔ ملزمان واردات کو انجام دے کر فرار ہو گئے تھے۔ منگل کو پولیس نے دونوں ماں بیٹے کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔
سیفئی علاقہ کے جھنگو پور گاؤں کے رہنے والے برجیش کمار کے 26 سالہ بیٹے کرشن چند عرف کے ڈی نے اسی گاؤں کے رگھوراج سنگھ کے رام ویر سنگھ (40) پر لوہے کی سلاخ سے حملہ کیا تھا۔ اس کی چیخیں سن کر گاؤں کے نیترپال سنگھ کا بیٹا 35 سالہ انلیش یادو بچانے کی کوشش میں آگے بڑھا تو ملزم نے اس کے سر بھی حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ واقعہ کے وقت ملزم کی ماں میرا دیوی اس کے ساتھ تھی۔ دونوں ملزمان واردات کے بعد موٹر سائیکل سے فرار ہو گئے تھے۔