علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ٹریژرار، پدم شری پروفیسر حکیم سید ظل الرحمن نے اے ایم یو کا تاریخی معروف اردو ماہنامہ تہذیب الاخلاق کا خصوصی شمارہ 'سرسید نمبر' جاری کیا۔
اکتوبر کا مہینہ بابائے قوم سرسید احمد خان کی یادیں لے کر آتا ہے۔ اس ماہ میں علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں بالخصوص اور ملک کے دوسرے تعلیمی اداروں میں بالعموم یوم سرسید کا اہتمام کیا جاتا ہے، بلکہ دیگر ملکوں میں جہاں بھی علیگڑھ کے فیض یافتہ موجود ہیں جشن یوم سرسید (سر سید ڈے) مناتے ہیں۔
اے ایم یو دینیات فیکلٹی کے ڈین و تہذیب الاخلاق کے ڈائریکٹر پروفیسر سعود عالم قاسمی نے بتایا کہ 'ہر سال کی طرح اس سال بھی سر سید احمد خاں کی یوم پیدائش کے موقع پر تہذیب الاخلاق کا خصوصی شمارہ 'سرسید نمبر' شائع کیا جاتا ہے جس میں ہماری کوشش ہوتی ہے کہ سرسید احمد خان کے وژن اور مشن کو تازہ کریں۔'
خصوصی شمارہ میں اس طرح کے مضامین شائع کر اس رہنما کو یاد کرتے ہیں جس نے اندھیرے میں شمع جلائی، جس نے بندگلی میں راہ نکالی، جس نے ہار جانے کے بعد جیتنے کا گر سکھایا، جس نے ایک میدان کھو دینے والوں کو مقابلہ کا دوسرا میدان دکھایا، جس نے کمزوری کو طاقت میں بدلنے کا راز بتایا، جس نے قومی امراض سے شفا پانے کا نسخہ بتایا، جس نے جذبات کی جگہ عقل سے کام لینا سکھایا، جس نے مایوسی کو امید میں تبدیل کرنے کا سبق دیا، جس نے سوتے کو جگایا۔'