اسلامی کیلینڈر کے پہلے ماہ کا آغاز آج سے ہوچکا ہے۔ اس ماہ میں مسلم طبقے کے تمام لوگ اپنے اپنے طریقے سے عبادت کرتے ہیں۔ اس ماہ کی اہمیت اور اس کی فضیلتوں پر بات کرتے ہوئے مفتی رضوان احمد نے کہا کہ' محرم الحرام ان مہینوں میں سے ایک ہے جنہیں اللہ تبارک وتعالیٰ کا مہینہ قرار دیا گیا ہے۔'
ماہ محرم کو اسلام میں خاص اہمیت حاصل ہے: مفتی رضوان احمد
ریاست اتر پردیش کے بارہ بنکی ضلع سے تعلق رکھنے والے مفتی رضوان نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خاص بات چیت میں کہا کہ' ماہ محرم کو اسلام میں خاص اہمیت حاصل ہے'۔
انہوں نے بتایا کہ رمضان کے بعد محرم میں روزہ رکھنے کی تمام فضیلتیں ہیں۔ اگر کوئی شخص محرم میں روزہ رکھتا ہے تو عام دنوں کے مقابلے اسے 30 گنا زیادہ ثواب حاصل ہوگا۔'
انہوں نے بتایا کہ عاشورہ کے روز روزہ رکھنے سے گزشتہ برس کے تمام گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسی روز حضرت آدم علیہ السلام کی توبہ قبول ہوئی، اسی دن نوح علیہ السلام کی کشتی جودی پہاڑ پر ٹھہری، اسی روز یونس علیہ السلام کو مچھلی کے پیٹ سے نجات ملی، یوسف علیہ السلام کی جیل رہایی ہوئی۔ اسی روز یوسف علیہ السلام کی ملاقات بھی ان کے والد محترم سے ہوئی۔ انہوں نے کہا محرم میں کثرت سے عبادت کرنا چاہیے اور بدعت سے دور رہنا چاہیے۔'