لکھنؤ:اتر پردیش حج کمیٹی کے چیئرمین محسن رضا نے اپنی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر گذشتہ دنوں ایک ویڈیو ڈالا، جس میں دعویٰ کیا کہ کعبہ کے سامنے عازمین حج بی جے پی اور آر ایس ایس کے لیے بد دعا کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کرڈالا کہ ان کی بھارت کی شہریت کو چھین لیا جائے اور ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے قانون کے تحت کاروائی کی جائے۔ ای ٹی وی بھارت نے اس ویڈیو کی تحقیق کی تو پتہ چلا کہ 2019 میں 'جموں کشمیر ناؤ' نام کے فیس بک پیج پر یہ ویڈیو ڈالا گیا تھا، اس سے واضح ہوا کہ ویڈیو تقریبا چار برس پرانی ہے۔
اس حوالے سے لکھنؤ کے عیش باغ عیدگاہ کے شاہی امام مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عازمین مکہ مدینہ اس لئے جاتے ہیں کی وہ حج کے اراکین کو بہتر طریقے سے ادا کر سکیں وہاں پر نہ سیاست کرنے کی اجازت ہے اور نہ ہی کوئی اس طرح کی حرکت کا ارتکاب کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر کئی سارے ویڈیوز آ رہے ہیں، جس میں عازمین کی پریشانیوں کا ذکر کیا جا رہا ہے لہذا بھارت سے جانے والے عازمین حج کی پریشانیوں کو بھارتی حکومت کو حل کرنا چاہیے تاکہ حج جیسے مقدس عبادت کو پوری دلجمعی کے ساتھ حجاج ادا کر سکیں۔