میرٹھ:ہندو مسلم ایکتا کی مثال میرٹھ کے عبداللہ پور میں ساتویں محرم کو نکالے جانے والے تاریخی جلوس میں نہ صرف اہل تشیع حضرات شرکت کرتے ہیں بلکہ جلوس میں عزاداران شہداء کربلا کے عقیدت مندوں اور ذو الجناح کےلیے ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگ کھانے کی اشیاء کے ساتھ سبیل کا بھی انتظام کرتے ہیں۔
ریاست اتر پردیش کے ضلع میرٹھ میں تھانہ بھاونا پور علاقے کے عبداللہ پور میں 7 محرم الحرام کو امام بارگاہ سے تاریخی جلوس اور ذو الجناح برآمد ہوا۔ یہ تاریخی جلوس عبداللہ پور کی تنگ گلیوں سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ کوٹ میں مکمل ہوا۔ جلوس کے دوران راستے میں ماتم پرسی کر رہے عزاداران کے لیے مقامی لوگوں کی جانب کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ سبیلیں بھی لگائی جاتی ہیں۔ اس موقعے پر علاقے میں روایتی بھائی چارے کی جھلک بھی دکھائی دی کیونکہ عزاداروں کیلئے کھانے پینے کی اشیاء کا اہتمام اکثریتی فرقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بھی کیا تھا۔