مظفر نگر:اترپردیش کے مظفر نگر ضلع کی شہر کوتوالی پولیس نے انکاؤنٹر کے بعد 10 ہزار انعامی بدمعاش کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کی فائرنگ میں گولی لگنے سے بدمعاش زخمی ہوگیا۔زخمی بدمعاش کو ضلع ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ گرفتار بدمعاش کے پاس سے ایک پستول برآمد کیا گیا ہے۔ سی او سٹی آیوش وکرم سنگھ نے بتایا کہ سٹی کوتوالی پولیس کو مخبر سے اطلاع ملی تھی کہ کچھ شرپسند کسی بڑی مجرمانہ واردات کو انجام دینے کے ارادے سے علاقے میں گھوم رہے ہیں۔ اس کے فوراً بعد پولیس نے مذکورہ جگہ پر ناکہ چینکنگ شروع کی۔
انہوں نے بتایا کہ جب پولیس نے شہر کے کوتوالی علاقے کے پنہ بائی پاس اور اس کے آس پاس کے علاقے کی ناکہ چیکنگ کی تو دو مشتبہ افراد قریبی جنگل سے گزرتے ہوئے سڑک پر نظر آئے۔پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا لیکن دونوں بدمعاشوں نے فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ سے ایک ملزم گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ اسے ضلع ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ دوسرا بدمعاش گنے کے کھیت میں گھس کر فرار ہو گیا۔مفرور بدمعاش کی تلاش جاری ہے ۔