مظفرنگر: ریاست اترپردیش کے مظفر نگر ضلع میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہا ہے، جس میں موٹر سائیکل پر سوار ایک نوجوان برقعہ پوش لڑکی کو لے جا رہا ہے، جب کہ کار سوار کچھ دبنگ نوجوان ان کا پیچھا کر کے انہیں بیچ سڑک میں ہی روک لیتے ہیں اور پھر بدتمیزی کرتے ہوئے لڑکی کے چہرے سے نقاب ہٹا دیتے ہیں، اس دوران کار میں سوار ایک نوجوان نے یہ پورا واقعہ اپنے موبائل میں قید کر لیا، جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ لڑکے کا تعلق دوسرے مذہب سے ہے۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد پولیس نے موٹر سائیکل سوار نوجوان کی تحریر پر مقدمہ درج کرتے ہوئے دبنگ نوجوانوں کی گرفتاری کی کوشش شروع کردی ہے۔ آپ کو بتا دیں کے یہ واقعہ 13 مئی کو نئی منڈی کوتوالی علاقے کی گاندھی کالونی میں پیش آیا، جب ایک نوجوان لڑکا برقع پوش لڑکی کو موٹر سائیکل پر لے جا رہا تھا، اسی دوران کار میں سوار کچھ دبنگ نوجوانوں نے ان کا پیچھا کیا اور انہیں بیچ سڑج پر روک کر دبنگائی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے برقعہ پوش لڑکی کے چہرے سے نقاب ہٹا کر اس کے ساتھ بدتمیزی کی۔ اس واقعے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد فوری طور پر موٹر سائیکل سوار متاثرہ شخص کی تحریر پر مقدمہ درج کرکے ملزم نوجوان کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں۔ تاہم ابھی تک یہ بات سامنے نہیں آئی کہ موٹر سائیکل سوار رشتہ دار تھے یا دوست، اور نہ ہی کار سواروں کی ابھی تک شناخت ہو سکی ہے۔