نوئیڈا:ریاست اترپردیش کے نوئیڈا کے نوئیڈا ہاٹ سیکٹر-33A میں حکومت ہند اور ریاستی وزراء نے سرس آجیویکا میلہ 2023 کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مہمانان نے خواتین کو خود مختار بنانے پر زور دیا۔ مرکزی دیہی ترقی اور پنچایت راج کے وزیر گری راج سنگھ نے کہا کہ ہندوستان ایک ثقافتی ملک ہے۔ وزیراعظم واضح طور پر کہتے ہیں کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے نام پر محض پروگرام نہ منعقد کیے جائیں، اس کے لیے عہد بھی لینا ہو گا۔ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے ساتھ ملک بھر میں سرس آجیویکا میلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج دیہی علاقوں میں ترقی پر زور دینے کی سخت ضرورت ہے۔ ملک بھر میں 25 کروڑ گھرانوں میں سے 19 کروڑ دیہی علاقوں میں ہیں، جو کہ ہندوستان کی ایک مضبوط شناخت ہے۔ وزارت کا مقصد 2024 تک 10 کروڑ بہنوں/گھروں کو جوڑنا ہے۔ ملک بھر کی بہنیں ایمانداری اور محنت سے کام کرتی ہیں۔ آپ ان کے ہاتھ سے بنی اشیاء دیکھ کر اور خرید کر پتہ لگا سکتے ہیں۔ آسام کی بہن ہو یا کیرالہ سے جو یہاں آئی ہو، ان کی مصنوعات خریدنا اس کے گھر میں روشنی اور خوشحالی لائے گا۔
اس موقع پر دیہی ترقیات، امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی مرکزی وزیر مملکت سادھوی نرنجن جیوتی نے کہا کہ اتر پردیش سے ہونے کی وجہ سے میں ملک بھر کی تمام بہنوں کو نوئیڈا پہنچنے پر خوش آمدید کہتی ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ میری دعا ہے کہ آپ اپنی تیار کردہ مصنوعات کو فروخت کر کے ترقی کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کی ترقی میں خواتین کا ہر میدان میں اہم کردار ہے۔یہ وزیر اعظم کا خواب ہے کہ ہندوستان ہر میدان میں خود کفیل ہو۔ اس پہل کو آگے بڑھاتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے پر زور دیا جا رہا ہے۔ دیسی اشیا کو اپنانے سے بھی ترقی کی راہیں کھلتی ہیں۔ سرس میلہ اس کی زندہ مثال ہے۔