ریاست اتر پردیش کے محکمۂ جل شکتی کے وزیر مہیندر سنگھ نے ضلع بارہ بنکی کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا ہوائی جائزہ لیا۔ وہ سیلاب متاثرین کے لیے انتظامیہ کی جانب سے کی جارہی کوششوں سے مکمل طور پر مطمئن نظر آئے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت متاثرین کو تمام طرح کی سہولیات فراہم کرے گی اور ان کے نقصان کی مکمل بھرپائی کرے گی۔
لکھیم پور، سیتا پور، بہرائچ کے ہوائی معائنہ کے بعد ریاستی وزیر محکمۂ جل شکتی مہیندر سنگھ نے ضلع بارہ بنکی کا ہوائی دورہ کیا۔ اس کے بعد پولیس لائن کے آڈیٹوریم میں انتظامیہ کے تمام افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ میٹنگ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'وزیراعلیٰ کی ترجیح ہے کہ سیلاب متاثرین کو کسی بھی قسم کی کمی نہیں ہونی چاہیے۔ ان کی ہدایت پر انتظامیہ مکمل طور سے عمل کررہا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'سیلاب متاثرین کے لیے کھانا، صاف پانی، دوا کا انتظام کیا جارہا ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں جمعہ کی رات سے ہی روشنی کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 'انتظامیہ کی مستعدی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ لیکن جو بھی مالی نقصان ہوا ہے اس کا معاوضہ 8 روز کے اندر مہیا کرایا جائے گا۔ جن کے جانور مرے ہیں ان کا بھی معاوضہ دیا جائے گا اور جانوروں کی بیماریوں کے علاج کے لئے بھی انتظام کیا جارہا ہے۔'