نوئیڈا:اترپردیش کے نوئیڈا کے فیز 2 تھانہ علاقے کے تحت ایک کمپنی کے منیجر کی مرسڈیز کار میں حادثے کے بعد آگ لگ گئی۔ اس واقعے میں مرسڈیز کار ڈرائیور کی موت ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ حادثے کے بعد کار خود بخود لاک ہو گئی جس کی وجہ سے کار ڈرائیور گاڑی سے باہر نہیں نکل سکا اور زندہ ہی تڑپ کر دم توڑ گیا۔ وسطی (سنٹرل) نوئیڈا کے ایڈیشنل ڈی سی پی وشال پانڈے نے بتایا کہ دہلی کے سیکٹر 9 روہنی کا رہنے والا انوج شیراوت نوئیڈا میں واقع ٹریکٹر جے سی بی بنانے والی کمپنی میں کام کرتا تھا۔ انوج کمپنی میں مینیجر کے طور پر تعینات تھے۔
ایڈیشنل ڈی سی پی نے بتایا کہ انوج شیراوت رات اپنی مرسڈیز کار لے کر جا رہے تھے۔ ان کی گاڑی فیس ٹو تھانہ کے سیکٹر 96 میں پہلے ڈیوائیڈر پر چڑھی اور پھر درخت سے ٹکرا گئی۔ اس واقعے میں ان کی گاڑی خود بخود لاک ہو گئی اور آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں انوج شیراوت زندہ جل گئے تھے۔ درخت سے ٹکرانے کے بعد گاڑی کے بونٹ سے آگ لگ گئی اور پھر پوری گاڑی تیز رفتاری سے جل کر خاکستر ہوگئی۔