لکھنؤ: میگا ٹیکسٹائل پارک کی سوغات ملنے کے بعد اترپردیش حکومت نے اب ریاست کو ملک کے ٹیکسٹائل صنعت کا سب سے بڑا ہب بنانے کی تیاریوں کو آخری شکل دینا شروع کردیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے پیر کو بتایا کہ حکومت نے اس میگا ٹیکسٹائل ہب کے لیے ایک ایکشن پلان کی تیاری شروع کر دی ہے، جس میں زیادہ تر ضروری تیاریوں کو پہلے سے طے کر لیا گیا ہے۔ اب جبکہ مرکزی حکومت سے منظوری مل گئی ہے، اس کے بعد یوپی کے پہلے میگا ٹیکسٹائل پارک کو جلد از جلد تیار کرنے کی مشق تیز ہوگئی ہے۔ لکھنؤ اور ہردوئی کے درمیان 1162 ایکڑ (لکھنؤ میں 903.07 ایکڑ، ہردوئی میں 259.09 ایکڑ) پر تعمیر ہونے والا میگا ٹیکسٹائل پارک سنت کبیر پی ایم متری ٹیکسٹائل اینڈ اپیرل پارک لمیٹڈ کے نام سے جانا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ لکھنؤ کی ملیح آباد تحصیل کے مال بلاک کے اٹاری گاؤں میں بننے والا ٹیکسٹائل پارک کا بہت بڑا کمپلیکس ریاست کے 15 اضلاع میں چلنے والی ٹیکسٹائل صنعت کی تمام سرگرمیوں کا مرکزی مرکز بن جائے گا۔ یہاں لکھنؤ کی چکنکاری اور زردوزی، ہردوئی اور بارہ بنکی کی ہینڈ لوم، سیتا پور کی دری، اناؤ کی زردوزی، کانپور کی ہوزری اور ٹیکسٹائل، فرخ آباد کی بلاک پرنٹنگ اور زری زردوزی، شاہجہاں پور کی زری زردوزی، امبیڈکر نگر، اعظم گڑھ،گورکھپور اور رامپور کا ہنڈلوم اور ٹیکسٹائل کلسٹرز اور گوتم بدھ نگر کا اپیرل کلسٹرز ایک ہی کمپلیکس میں دیکھے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ٹیکسٹائل پارک ان اضلاع سے بھی براہ راست منسلک ہوگا۔
میگا ٹیکسٹائل پارک کو سب سے بڑا فائدہ یوپی میں مضبوط سڑک، ریل، ہوائی اور پانی کے رابطے کا سب سے بڑا فائدہ ملنے والا ہے۔ اتراکھنڈ کے ستار گنج اور آندھرا پردیش کے وجے واڑہ کو جوڑنے والا نیشنل ہائی وے 30 کے قریب واقع میگا ٹیکسٹائل پارک مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور تلنگانہ سے براہ راست جڑے گا۔ اس کے علاوہ لکھنؤ-ہردوئی فور لین اسٹیٹ ہائی وے 25 کے قریب ہونے سے بھی اسے ایک اضافی فائدہ ملے گا۔ چودھری چرن سنگھ ائیر پورٹ اموسی یہاں سے صرف 45 کلومیٹر دور ہونے سے ائیر کارگوتک پہنچ آسان ہوگا۔ لکھنؤ کا چارباغ ریلوے اسٹیشن 40 کلومیٹر کے فاصلے پر اور سیتا پور جنکشن 70 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ نیز، ملیح آباد ریلوے اسٹیشن 16 کلومیٹر کے فاصلے پر ہونے سے مال برداری کے لیے بہتر ریل رابطہ فراہم ہوگا۔ پریاگ راج سے کولکاتہ پورٹ ٹرسٹ کی ہلدیہ بندرگاہ تک اندرون ملک آبی راستے سے آسان رسائی بھی ٹیکسٹائل تاجروں کے منافع میں اضافہ کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔