ریاست اترپردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر میں محکمہ صحت کی جانب سے میگا مینٹل ہیلتھ کیمپ (ماس مینٹل ہیلتھ کیمپ) کا انعقاد کیا گیا۔ مینٹل ہیلتھ پروگرام کے نوڈل آفیسر اور چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر دیپک اوہری کی ہدایت کاری میں اے سی ایم او ڈاکٹر بھرت بھوشن کی سربراہی میں کمیونٹی ہیلتھ سنٹر بھنگیل میں لگائے گئے اس کیمپ میں 250 سے زائد افراد کو ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
ماہر نفسیات ڈاکٹر تنوجہ نے کیمپ میں آنے والے مریضوں کو ذہنی بیماری کی علامات اور اس سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا 'من دکھی رہنا، نیند نہ آنا، بھوک نہ لگنا اور بھوک میں کمی وغیرہ ذہنی تناؤ کی علامت ہیں۔ جب یہ صورتحال بڑھ جاتی ہے تو ذہن میں منفی خیالات آنے لگتے ہیں۔ جب بھی آپ کے ذہن میں منفی خیالات آئیں، طرز زندگی میں تبدیلی لائیں، اپنے آپ پر فوکس کرنا شروع کریں، خوراک میں توازن رکھیں، باقاعدگی سے ورزش کریں یا کچھ وقت کے لئے یوگا کریں'۔