لکھنؤ: حج 2023 کے لیے کیے جانے والے انتظامات کے سلسلے میں آج ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام آڈیٹوریم، کلکٹریٹ لکھنؤ میں ضلع مجسٹریٹ سوریہ پال کی صدارت میں سبھی متعلقہ محکموں کے افسران کی میٹنگ ہوئی۔ جس میں یوپی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین محسن رضا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ میٹنگ میں افسران کو ہدایت دی گئی کہ عازمین حج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور حج ہاؤس لکھنؤ میں بجلی، پانی، رہائش، طبی سہولیات اورٹرانسپورٹیشن وغیرہ سے متعلق کاموں کو خوش اسلوبی سے انجام دیا جائے۔
میٹنگ میں محسن رضا نے کہا کہ 21 مئی سے 06 جون 2023 تک مجوزہ سفر حج 2023 میں سبھی افسران اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری کے ساتھ نبھائیں تاکہ ریاست کے عازمین حج اپنے سفر حج کوباآسانی مکمل کر سکیں۔ میٹنگ میں حج ہاؤس کے احاطے اور ہوائی اڈے پر ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی چوبیس گھنٹے موجودگی کو یقینی بنانے اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو نوڈل افسر کے طور پر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ میٹنگ میں حج ہاؤس کے احاطے میں بنائے گئے بیت الخلاء، فوگنگ اور احاطے میں نالوں کی صفائی کے لیے مناسب تعداد میں صفائی اہلکاروں کو تعینات کرنے کی ہدایت میونسپل کارپوریشن کو دی۔ کیمپس کی اسٹریٹ لائٹس وغیرہ کے انتظامات فوری طور پر کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ میٹنگ میں محکمہ صحت کو کیمپس میں عارضی ہسپتال بنانے، ویکسینیشن کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔