میرٹھ:ریاست اتر پردیش میں اوقاف جائیدادوں پر ہو رہے ناجائز قبضے کو لیکر اب شیعہ وقف بورڈ کے چئیرمین علی مہدی زیدی نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے اس طرح کی تمام جائیدادوں پر سے ناجائز قبضے کرنے والوں کی چنگل سے آزاد کرانے کی بات کہی۔ میرٹھ میں ایک نجی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے اتر پردیش شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین علی زیدی نے ای ٹی وی بھارت اردو سے بات چیت کے دوران کہا کہ یہ صحیح ہے کہ اتر پردیش کے مختلف اضلاع میں وقف جائیدادوں پر ناجائز قبضے ہوئے ہیں لیکن بورڈ نے وقف املاک پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ریاست میں وقف املاک کے ایسے متولی ہیں جن پر جائیدادوں کو خرد برد کرنے کا الزامات ہیں۔ ایسے لوگوں کو عہدے سے ہٹایا جا رہا ہے۔ ایسے لوگوں کی جگہ ایماندار لوگوں کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین کے وقت سے جاری بدعنوانی کے سلسلے کو جڑ سے ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔