میرٹھ: ریاست اترپردیش کے میرٹھ کے دورالہ تھانہ علاقے میں جمعہ کو بوائلر پھٹنے سے کولڈ اسٹوریج کی چھت گر گئی تھی اس حادثے میں سات مزدور ہلاک ہوئے تھے وہیں آٹھ مزدوروں کا ہسپتال میں علاج کیا جارہا ہے۔ان مزدوروں کا تعلق جموں و کشمیر کے ادھم پور سے بتایا جا رہا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ادھم پور انتظامیہ کی جانب سے حادثے کے شکار مزدوروں کی خیریت دریافت کرنے اور ہلاک ہونے والے مزدوروں کی لاش لینے کے لیے ادھم پور کے تحصیلدار شیام سنگھ میرٹھ پہنچے۔ اس کے علاوہ ضلع انتظامیہ میرٹھ کی جانب سے بھی حادثے کی جانچ کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی ہے یہ ٹیم جلد اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
جموں و کشمیر کے ادھم پور کے تحصیلدار جن شکتی کولڈ اسٹوریج حادثے میں ہلاک ہونے والے مزدوروں کے پوسٹ مارٹم کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے اور زخمی مزدوروں کے علاج سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے میرٹھ پہنچے۔ تمام مہلوکین کی لاش کا پوسٹ مارٹم میڈیکل کالج کے مردہ خانے میں میرٹھ اور ادھم پور کے انتظامی افسران کی موجودگی میں کیا جارہا ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ تمام قانونی کارروائی مکمل کرنے بعد پوسٹ مارٹم کیا جارہا ہے، جس کے بعد تمام لاش لواحقین کے حوالے کردی جائے گی، ساتھ ہی میڈیکل میں داخل کچھ زخمیوں کو بھی آج ڈسچارج کیا جا سکتا ہے۔ وہیں میرٹھ ڈی ایم نے اسٹوریج میں حادثے کی جانچ کرائے جانے کی بات کہی ساتھ ہی اس حادثے کے ذمہ دار اسٹوریج کے مالک اور مینیجر کے ساتھ قریب تین لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئی ہے۔ افسران نے کہا کہ باقی رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کو انجام دیا جائے گا۔ اس حادثے کے شکار تمام مزدوروں کو حکومت کی جانب سے جو بھی ممکن ہوگا وہ مدد دلائی جائے گی۔