آج پانچویں محرم کو لکھنؤ کے امام باڑہ غفران مآب میں مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید کلب جوّاد نقوی نے قرآن مجید اور احادیث رسولﷺ کی روشنی میں فضائل امام حسینؓ اور مولائے کائنات حضرت علیؓ کے مناقب کو عزاداروں کے سامنے پیش کیا۔
مولانا سید کلب جوّاد نقوی نے کہا کہ 'قرآن میں اللہ کا ارشاد ہے کہ 'جو رسولﷺ تمہیں دیں اسے لے لو اور جس چیز سے منع کردیں اسے چھوڑدو۔
عزائے امام حسینؓ میں جو کچھ بھی ہورہا ہے وہ بدعت نہیں بلکہ عین مطابق سنت رسولﷺ ہے۔ ہماری عزاداری ہمیشہ پُرامن رہی ہے اور ہم نے محبت و اخوت کا پیغام عام کیا ہے۔ ہم نے منبر سے کبھی اختلافی بات نہیں کی۔کیونکہ عزائے امام حسینؓ مرکز اتحاد ہے۔ یہاں ملانے کی بات ہوتی ہے توڑنے کی نہیں۔
مولانا نے مختلف حوالوں کے ذریعہ یزید پر لعنت کا جواز پیش کیا اور کہا کہ 'مسلمانوں میں کچھ ناصبی ایسے ہیں جو آ ج بھی یزید کی حمایت کرتے ہیں انہیں تاریخ اور بزرگان دین کی کتابوں کا مطالعہ کرنا چاہیے جنہوں نے یزید پر لعنت کو جائز قرار دیا ہے۔ مولانا نے تاریخ کی روشنی میں حضرت علیؓ کے مناقب بھی بیان کیے اور کہا کہ حضرت علیؓ کی ذات گرامی وہ ہے جسے ذوالقبلتین کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔'