لکھنؤ: شہید جنرل قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر ایران کے معروف شہر کرمان میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے سخت الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں نے اس وقت دہشت گردانہ حملہ کیا جب کرمان کے قبرستان گلزار شہدا میں شہید قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر ہزاروں لوگ جمع تھے۔ یہ دہشت گردانہ حملہ انہی طاقتوں کے اشارے پر ہوا ہے، جو خطے میں دہشت گردی اور جنگ کو فروغ دے رہے ہیں۔
مولانا نے کہا کہ دشمن خطے میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و نفوذ اور یک قطبی نظام کے خاتمے سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ اس لئے وہ ایسے بزدلانہ حملوں کے ذریعہ شہید پرور قوم کو خوف زدہ کرنا چاہتے ہیں، جو دیوانے کے خواب کی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ایران کے ساتھ آمنے سامنے کی جنگ میں ہر بار ہزیمت اٹھا چکا ہے، اس لئے اب وہ بزدلانہ اقدامات کر رہا ہے۔