مشرقی اترپردیش کا مئو شہر بنکاری صنعت کا اہم مرکز ہے۔ اس شہر کی بیشتر آباد ساڑی کی صنعت سے منسلک ہے اور تقریبا دو لاکھ سے زائد ایسے غریب بنکر ہیں جو پاور لوم ساڑی پر ساڑی تیار کرکے اپنی روزی روٹی کا انتظام کرتے ہیں۔ لیکن کورونا وبا کے دوران نافذ کردہ لاک ڈاؤن نے ان غریب بنکروں کے سامنے مالی بحران پیدا کردیا ہے۔ وہیں حکومت کی جانب سے بجلی سبسڈی ختم کرنے پر بنکر مزید مشکلات میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
بنکر خاندان سے تعلق رکھنے والے مئو میونسپل کاؤنسل کے چیئرمین محمد طیب نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران بجلی سبسڈی اور بنکاری کاروبار کی تباہی کو سب سے اہم مسئلہ بتایا۔
مئو میونسپل کاؤنسل کے چیئرمین محمد طیب پالکی نے کہا کہ ملک گیر پیمانے پر کاروباری سرگرمیاں رک جانے سے جو مزدور بے روزگار ہوئے ہیں۔ ان کے لئے حکومت نے ایک ہزار روپے ماہانہ امداد کا اعلان کیا ہے ۔ ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ مزدوروں کی طرح غریب بنکروں کو بھی مدد دی جائے ۔